ساہیوال: (دنیا نیوز) لاڈلہ کچی فیل قرار، دال نہ گلنے کا ذکر، عمران خان پٹھو بن چکے، گیارہ نکات پیش کرنے والا پہلے تیرہ نکات کا حساب دے، نواز شریف کا ساہیوال میں جلسے سے خطاب، آئندہ آنے والے ستر سال مختلف ہوں گے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ساہیوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی دال نہیں گل رہی، وہ پہلے بھی فیل ہوئے تھے اور اب کچی فیل ہوگئے ہیں۔ عمران خان بھی بِک گیا اس نے سودا کرلیا ہے، پی ٹی آئی کے ارکان نے سینیٹ الیکشن میں لائن لگا کو تیر کو ووٹ دیا جب کہ یہ اندرون خانہ ملے ہوئے ہیں۔
ملک سے دہشتگردی ختم کی، کراچی میں امن قائم کیا اور پاکستان میں سی پیک لائے لیکن یہ اچھے بھلے روشن پاکستان کو پھر پیچھے دھکیل رہے ہیں اور پاکستان کو انہوں نے پیچھے دھکیلنے کیلئے پورا زور لگادیا۔ ساہیوال جلسہ میں پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پشاور میں دیکھ لو کونسا نیا پاکستان بن رہا ہے۔ خیبرپختونخوا میں کونسی لوڈشیڈنگ ختم ہوئی بلکہ لوڈشیڈنگ پورے پاکستان میں مسلم لیگ ن نے ختم کی ہے۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ ووٹ کوعزت دو کا مطلب ہے جو 70 سال ہوتا رہا وہ آئندہ 70سال نہ ہو۔ ہمارا مقابلہ عمران خان سے نہیں ہے، نہ ہی آصف زرداری سے ہے بلکہ ہمارا مقابلہ ایسی قوتوں سے جو ہمیں نظر نہیں آتیں لیکن وہ آپ سب جانتے ہیں۔