لاہور: علی الصبح بوندا باندی کے بعد موسم سہانا، مزید بارش متوقع

Last Updated On 05 April,2018 10:30 am

پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی بارش کے بعد بجلی کا نظام درہم برہم، دیواریں اور درخت گر گئے

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت میں آج صبح سویرے ہلکی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق باغوں کے شہر میں آج اور کل وقفے وقفے سے بوندا باندی جاری رہنے کا امکان ہے۔

گزشتہ رات پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونےوالی طوفانی بارش کے بعد موسم تو بدل گیا تاہم آسمان سے چھاجوں برستے پانی نے شہری سہولتیں فراہم کرنےوالے اداروں کا پول کھول کر رکھ دیا، گٹر ابلنے لگے، بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، کئی علاقوں میں دیواریں اور درخت گر گئے۔

شورکوٹ کینٹ اور جڑانوالہ میں کئی ٹرانسفارمرجواب دے گئے۔ بھکر کی تحصیل دریاخان اورگردونواح میں طوفانی بارش سے خستہ حال دیواریں گرگئیں۔ ڈیرہ غازی خان اور گرد ونواح میں ہلکی بارش ہوئی جبکہ بہاولنگر، جھنگ، کلورکوٹ، اوکاڑہ، گوجرہ، احمدپورسیال میں آندھی اور بونداباندی سے موسم خوشگوارہوگیا۔ بلوچستان کے علاقے لورالائی میں بھی بارش کے بعد کئی علاقوں میں بجلی غائب رہی ۔