محکمہ موسمیات کی آئندہ ہفتے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کی پیشگوئی

Last Updated On 02 April,2018 05:44 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے وسطی اور شمالی علاقوں میں 8 اپریل سے 15 اپریل تک بارشوں کا امکان ہے۔

 محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی نوید سنائی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مری، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، جنوبی پنجاب ڈیرہ غازی خان، راجن پور، رحیم یارخان، بہاولپور، لیہ، ملتان اور جھنگ میں چند مقامات پر بارش جبکہ بالائی سندھ سکھر، لاڑکانہ اور کشمور میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

7 اپریل کو ملک میں بارشوں کا باعث بننے والی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہو جائے گا جس کے بعد ملک کے وسطی اور شمالی علاقوں میں 8 اپریل سے 15 اپریل تک بارشیں ہوسکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام مالاکنڈ ڈویژن، بالائی فاٹا، کشمیر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں بعض مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے جبکہ کل ہزارہ، راولپنڈی، کوئٹۃ، ژوب میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔