اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے بانی، سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 39 ویں برسی آج ملک بھر میں عقید ت واحترام سے منائی جائے گی، ملک بھر کی طرح لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں سے قافلے مرکزی تقریب میں شرکت کیلئے گڑھی خدابخش روانہ ہوگئے۔
سابق وزیر اعظم ذوالفقار بھٹو کو جنرل ضیاالحق کے مارشل لا دور حکومت میں 4 اپریل 1979 میں ایک متنازعہ ٹرائل کے بعد راولپنڈی میں پھانسی دید ی گئی جسے بعد ازاں عدالتی قتل قرار دیا گیا۔ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کو 39 سال گزر جانے کے بعد بھی ان کی مقبولیت میں کمی نہیں آئی۔ ان کی برسی کی مرکزی تقریب آج گھڑی خدا بخش میں ہو گی جس میں پورے ملک سے پیپلزپارٹی کے کارکن شریک ہو نگے۔
سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 39 ویں یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ جمہوریت، شہری آزادیوں اور صوبائی خود مختاری کیلئے پارٹی پرعزم رہے گی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا شہید بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا جس کی بنیاد انسانی حقوق اور صوبائی خودمختاری کے اصولوں پر ہے، تبدیلی ووٹ کے ذریعے آنی چاہیے نہ کہ گولی کے ذریعے اور یہی پارٹی کے بانی چیئرمین کا دیا ہوا سیاسی سبق ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا پاکستانی قوم شہید ذوالفقار علی بھٹو کو کھونے کا درد صدیوں تک محسوس کرتی رہے گی، لیکن جنہوں نے اس عظیم لیڈر کی جان لی، وہ آج تاریخ کے کوڑے دان میں پڑے ہیں۔ انہوں نے حقیقی جمہوریت کی بنیاد حق رائے دہی پر قائم پارلیمانی نظام پر رکھی۔ انہوں نے میکرو و مائیکرو معیشت کے بیشمار منصوبوں کا آغاز کیا۔ ملک کے ناقابل تسخیر دفاع کی خاطر جوہری پروگرام کا آغاز کر دیا تھا، سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر گلیوں میں لے آئے اور ملک کے تمام فیصلوں کوعوام کی منشا سے منسلک کر دیا۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ذوالفقار علی بھٹو شہید کی سحر انگیز شخصیت اور ان کے عظیم کارناموں پر ان کے سیاسی حریف بھی معترف ہیں اور ان کی داد و تحسین پر مجبور ہیں، مرکز، گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر اور چاروں صوبوں میں طاقت کے ایوان عوام کے منتخب نمائندوں کی سیاسی دسترس میں ہیں تو اس کا کریڈٹ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ شہید بے نظیر بھٹو کو جاتا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری گڑھی خدا بخش میں لاکھوں کے اجتماع سے تاریخی خطاب کریں گے، جلد بلاول بھٹو زرداری پنجاب میں اپنے جلسوں کا سلسلہ شروع کریں گے۔ پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب سیکرٹریٹ میں بھی 4 اپریل 3 بجے سہ پہر قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائیگا۔
پیپلز پارٹی پنجاب اور لاہور کے مختلف ونگز کے قافلے گزشتہ روز ٹرین اور بسوں کے ذریعے گڑھی خدا بخش کیلئے روانہ ہوگئے، زاہد ذوالفقار، حاجی عزیز الرحمن چن نے کہا برسی کی تقریب میں بڑی تعداد میں عہدیداروں اور کارکنان کے قافلوں کی روانگی سے ان کی ذوالفقار علی بھٹو شہید سے دلی وابستگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ لاڑکانہ سے دنیا نیوز کے مطابق بلاول بھٹو کی زیرصدارت نوڈیرو ہاؤس میں سی ای سی کا اجلاس ہوا جس میں آصف زرداری، اعتزازاحسن، خورشیدشاہ، شیری رحمن، یوسف رضا گیلانی، مراد علی شاہ، قمر زمان کائرہ بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں نئی ممبر سازی مہم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، نئی حلقہ بندیوں اور 18ویں ترمیم پروفاق کے خط پرمشاورت اور الیکشن مہم کے دوران ملک بھرمیں جلسے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ الیکشن مہم میں پنجاب اور کے پی میں خصوصی توجہ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سندھ حکومت کی کارکردگی پراظہاراطمینان کیا گیا۔ اس موقع پر بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کارکردگی کی بنیاد پر 2018 کا الیکشن جیتے گی۔