سانگھڑ: (دنیا نیوز) صوبائی اختیارات چھیننے کی سازش نامنظور، وفاق پر سندھ کو پانی کیلیے ترسانے کا الزام، کسی سوموٹو نوٹس کی وجہ سے نہیں، دس سال سے فراہمی آب کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کررہے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کےسربراہ بلال بھٹو زرداری نے سانگھڑ میں تقریب سے خطاب کے دوران کہا پورا ملک پانی کی کمی کا شکار ہے مگر سندھ سب سے زیادہ متاثر ہے ،سندھ کو نہ صرف پینےکا پانی بلکہ زراعت کےلیے بھی پانی کی کمی کا سامنا ہے۔
انہوں نے اٹھارویں ترمیم میں رد وبدل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیا سی پارٹیوں سے مشاورت کی اور متفقہ اٹھارویں آئینی ترمیم کی، اٹھارویں ترمیم وہ قانون ہے جس نے صوبائی خود مختاری کو یقینی بنایا ، وفاق کی طاقت نچلی سطح پر منتقل کی اور صوبوں کو پہلی بار مالی، سیاسی اور انتظامی طور پر مضبوط کا اور اپنے وسائل کی مالکی دی۔ آج کل نون لیگ اٹھارویں ترمیم پر حملے کر رہی ہے۔ اٹھارویں ترمیم کے تحت جو اختیارات صوبوں کو منتقل کیے تھے، انہیں واپس لینے کی بھی سازش کر رہے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی وفاقی حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے انقلابی پروگرام کا آغاز کیا، لیکن نون لیگ کو یہ پروگرام اس لیے پسند نہیں کیونکہ یہ پروگرام شہید بی بی کے نام پرہے اور یہ شہید بی بی کا ویژن تھا۔ سن لو نون لیگ والو، تم نے بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام پر سے شہید بی بی کی تصویر تو ہٹادی مگر لوگوں کے دلوں سے کیسے نکالو گے؟ نون لیگ کو پتا نہیں کونسی دنیا میں رہتی ہے۔ جو ان کو لگتا ہے کہ غر بت دیرینہ مسئلہ نہیں ہے، یہ کیسے سوچتے ہیں کہ غربت مسئلہ نہیں؟ ہمارے یہاں لوگ غربت کی وجہ سے خودکشی کر رہے ہیں غذائی کمی کی وجہ سے لوگ بیماریوں کا شکار ہیں۔ بچوں کی شرح اموات دنیا میں کئی ممالک سے زیادہ ہے، مجھے تو یہ سب حقائق دیکھ کر رات کو نیند نہیں آتی۔ میں تو یہ سوچتا ہوں کہ کیا ان کا ضمیر مر گیا ہے؟ کیا انہیں خدا کا خوف نہیں؟
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ الیکشن آنے والا ہے یہ الیکشن ہم بھرپور تیاری سے لڑیں گے ،ہم ایک مکمل منشور کے ساتھ یہ الیکشن لڑینگے۔ ہمارا منشورکسان دوست، مزدور دوست، غریب دوست اور عوام دوست ہے۔ میں یہ منشور لیکر آپ سے ووٹ مانگنے آؤنگا، مجھے آپ کی طاقت چاہیے مجھے عوام کی طاقت چاہیے۔ میں یہ جانتا ہوں کہ سانگھڑ کی عوام مجھے کبھی مایوس نہیں کرے گی۔