اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایوانِ بالا کے نو منتخب ارکان حلف اٹھائیں گے، بڑے ایوان کے نگہبان کا انتخاب خفیہ بیلٹ سے ہو گا۔
اجلاس میں سیکرٹری سینیٹ صدرِ مملکت کے نامزدہ کردہ پریذائیڈنگ آفیسر کا اعلان کریں گے جو کرسی سنبھال کر نو منتخب ارکان سینیٹ سے حلف لیں گے۔ حلف برداری کے بعد سیکرٹری سینیٹ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے الیکشن کے لئے شیڈول کا اعلان کریں گے اور پریذائیڈنگ آفیسر اجلاس سہ پہر تک ملتوی کر دیں گے۔
شیڈول کے مطابق سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کیلئے کاغذات نامزدگی داخل ہوں گے۔ اعتراضات نمٹانے کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔ پریذائیڈنگ آفیسر کے زیرِ صدارت سینیٹ کا اجلاس چار بجے دوبارہ شروع ہو گا۔
چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کیلئے ایک سے زیادہ امیدوار ہونے کی صورت میں خفیہ ووٹنگ ہو گی۔ نو منتخب چیئرمین سے پریذائیڈنگ آفیسر حلف لیں گے جبکہ چیئرمین کرسی سنبھال کر ڈپٹی چیئرمین سے حلف لیں گے۔