ضیاء کا اوپننگ بیٹسمین ہار گیا، سنجرانی کو جیت کی مبارکباد: بلاول بھٹو

Last Updated On 12 March,2018 07:02 pm

سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں نیا چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر صادق سنجرانی کو مبارکباد پیش کی ہے جبکہ دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بھی انھیں مبارکباد کا پیغام پہنچایا گیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ضیاء کے اوپننگ بلے باز کو شکست جبکہ وفاق کی جیت ہو گئی۔ صادق سنجرانی کو نیا چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ بلوچ سینیٹر صادق سنجرانی کو چیئرمین سینٹ بننے پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، ان کا انتخاب وفاقِ پاکستان کو تقویت بخشے گا، آج کے دن ہم بلوچ عوام اور وفاقِ پاکستان کیلئے نہایت خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ نومنتخب چیئرمین سینیٹ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، امید ہے کہ صادق سنجرانی قانون کی حکمرانی قائم رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

 

ڈاکٹر طاہر القادری نے بھی صادق سنجرانی کو جیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چھوٹے صوبے بلوچستان سے بڑے ایوان کا چیئرمین منتخب ہونے پر بے حد خوشی ہے۔ چھوٹے صوبہ کو آئینی عہدہ ملنے سے وفاق پاکستان مضبوط ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صادق سنجرانی کو چاروں صوبوں کے منتخب نمائندوں کا اعتماد ملا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین اسد عمر نے کہا کہ صادق سنجرانی کی کامیابی نواز شریف کی شکست نہیں بلکہ دراصل بھارت کی شکست ہے۔ یہ پاکستان کی قومی یکجہتی کا انتخاب تھا۔ یہ شکست بلوچستان میں نام نہاد آزادی کی تحریک چلانے والی قوتوں کو ہوئی ہے۔ بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے اور رہے گا۔

 

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا کہ آصف زرداری نے چھاتی سے پتے لگا کر ستھری چال کھیلی جبکہ عمران خان بھی لوگوں کی باتوں میں نہیں آئے۔ عمران خان نے کہا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کی نشست جیتنا بہت ضروری ہے، اب اپریل میں نواز شریف کی سیاست سے خاتمے کی شروعات ہو گی۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان نے ترپ کا جو پتہ کھیلا اس کا فائدہ وفاق کو ہوا۔ انہوں نے ثابت کیا کہ وہ جہاندیدہ لیڈر ہیں۔ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پہلے چیئرمین سینیٹ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔