حیدر آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ تمام ادارے اپنا اپنا کام کریں، اگر سیاست دان ناکام ہیں تو عوام انہیں ووٹ دے کر آؤٹ کر سکتے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے جوڈیشل ریفارمز کی حمایت اور جوڈیشل ایکٹوازم کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ادارے اپنا اپنا کام کریں، اگر سیاست دان ناکام ہیں تو عوام انہیں ووٹ دے کر آؤٹ کر سکتے ہیں، چیف جسٹس سے وزیرِ اعظم کی ملاقات کے بعد نواز شریف کا بیانیہ بے اثر ہو گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل ایکٹوازم کم ہونا چاہیے، ادارے جب دوسروں کا کام کرتے ہیں تو کمزور ہو جاتے ہیں۔ بلاول نے کہا کہ نواز شریف نے جنرل ضیا کے اوپننگ بیٹسمین کو چیئرمین سینیٹ کا امیدوار بنایا۔ ن لیگ والوں نے بھی انھیں ووٹ نہیں دیا، کیونکہ وہ اچھے امیدوار نہیں تھے۔ نہ نوازشریف پہلے نظریاتی تھے نہ اب ہیں نہ آئندہ ہوں گے۔ نواز شریف آج کل پاناما سے بچنے کیلئے شور مچا رہے ہیں۔ جب وزیرِ اعظم جا کر چیف جسٹس سے ملتے ہیں تو نواز شریف کا بیانیہ بے اثر ہو جاتا ہے۔