صحت کے شعبے میں اہداف کے حصول کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا: ڈاکٹر ندیم جان

Published On 10 October,2023 05:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ صحت کے شعبے میں اہداف کے حصول کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا۔

وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے ڈبلیو ایچ او کی ریجنل کمیٹی کے 70 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منزل کے حصول کیلئے سول سوسائٹی پارٹنرز اور صحت سے منسلک ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، پاکستان صحت کے شعبے میں ایک بھر پور اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، صحت کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی جارہی ہیں، صحت کے شعبے میں افرادی قوت ایک بڑا چیلنج ہے۔

وزیر صحت نے مزید کہا عالمگیر وباؤں اور بیماریوں کے بین السرحدی پھیلاؤ کو روکنے کیلئے انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشن کی سفارشات کو یقینی بنارہے ہیں، پاکستان دنیا کی پہلی گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ یکم اور دو دسمبر کو اسلام آباد میں منعقد کروا رہا ہے، گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ میں دنیا بھر سے صحت کی لیڈر شپ شرکت کرے گی۔

ندیم جان نے کہا کہ اجلاس کا مقصد دنیا بھر کو عالمی وباؤں سے محفوظ بنانا ہے، سمٹ میں اقوام عالم بیماریوں کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے ایک دوسرے کی معاونت کا پختہ عزم کریں گے، پاکستان میں ہیلتھ انشورنس کے پروگرام کو بھر پور انداز میں آگے بڑھایا جارہا ہے، ہیلتھ کارڈ کا دائرہ کار پاکستان کے طول وعرض تک پھیلایا جا رہا ہے۔

وزیر صحت نے کہا کہ ہم نے صحت کارڈ موبائل ایپ لانچ کی ہے، ہیلتھ ایمرجنسی اور یونیورسل ہیلتھ کوریج کو بہتر بنانے میں تکنیکی معاونت پر عالمی ادارہ صحت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔