اسلام آباد: (دنیا نیوز) قائمہ کمیٹی اطلاعات نے ریڈیو پاکستان میں نئی بھرتیاں فوری روکنے کی سفارش کر دی۔
کمیٹی نے حال ہی میں بھرتی کئے گئے 53 ملازمین کی مکمل تفصیلات طلب کرلیں، وفاقی سیکرٹری اطلاعات کو معاملہ کی چھان بین کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کردی، وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اصلاحات کی ضرورت ہے، سرکاری میڈیا میں تکنیکی افراد کو بھرتی کرنا بھی ناگزیر ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا قانون سازوں اور سیاست دانوں کو سرکاری میڈیا میں اصلاحات کا ایجنڈا لانا چاہئے، عرفان صدیقی نے بتایا ان ملازموں میں سے 50 کو نگران دور حکومت میں بھرتی کیا گیا، ڈی جی ریڈیو نے کہا ملازمین کی بحالی کی خصوصی کمیٹی کی سفارش پر 750 ملازمین دوبارہ رکھے گئے تھے۔
ڈی جی ریڈیو نے مزید کہا ان 750 ملازمین کو تاحال تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں، آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ میں بھرتی کئے گئے 53 افراد کو بھی ابھی تک تنخواہ نہیں دی گئی، عرفان صدیقی نے کہا ریڈیو پاکستان کیا بیگار کیمپ ہے کہ تنخواہیں نہیں ادا کی جا رہیں۔