غیر قانونی تارکین وطن کا جانا ریاستی پالیسی، کوئی پریشر برداشت نہیں کریں گے: جان اچکزئی

Published On 08 October,2023 05:48 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کا جانا ریاستی پالیسی ہے، ہم کسی قسم کا کوئی پریشر برداشت نہیں کریں گے۔

نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ جن کے پاس ویزا ہے ہم ان کو کچھ نہیں کہہ رہے، ہم نے ملک کو انویسٹمنٹ فرینڈلی ملک بنانا ہے، ہم نے ایک نارمل سٹیٹ کی طرف جانا ہے، اگر آج ہم پالیسی پر عملدرآمد نہیں کریں گے تو ماضی والا الزام آئے گا، ہم نے غیر قانونی مقیم افراد کو واپس بھیجنا ہے۔

نگران وزیر اطلاعات بلوچستان نے کہا کہ جہاں تک بارڈرز پر سمگلنگ کی بات ہے ہمارے اداروں کے لوگ ملوث رہے ہیں، آرمی چیف نے کھل کر کہا ہے جو سمگلنگ میں ملوث ہوگا ان کا کورٹ مارشل ہوگا، الیکشن کا سوال مجھ سے نہیں بنتا، ہم نے نہ الیکشن کرانے ہیں نہ اس پر کوئی بات کرسکتے ہیں، انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔

جان اچکزئی نے کہا کہ یہ طے ہے کہ تارکیں وطن کا جانا ایک ریاستی پالیسی ہے، کوئی بھی پریشر برداشت نہیں کیا جائے گا، غیر قانوی مقیم غیر ملکیوں کو باعزت طور پر واپس بھیجیں گے، ہم تمام سیاسی پارٹیوں کے تحفظات کو دور کریں گے، ہم تمام سیاسی پارٹیوں کے ساتھ بیٹھنے کیلئے تیار ہیں۔

نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ اے این پی کے سربراہ کے بیان کی مذمت کرتا ہوں، کراچی کے اردو بولنے والے ملک کی شہ رگ ہیں، اردو بولنے والوں کو تارکین وطن سے ملانا قابل مذمت ہے، ماضی میں ہزار روپے لیکر لوگوں کے شناختی کارڈ بنائے گئے اب ایسا نہیں چلے گا، جن غیر ملکیوں نے غیر قانونی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنائے انکے خلاف کارروائی ہوگی۔