اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگ نے کہا کہ 31 اکتوبر کے بعد غیر قانونی تارکین وطن کو جبری رخصت کیا جائے گا۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن میں بڑی تعداد افغان شہریوں کی ہے، افغان شہریوں کی تین کیٹیگریز پاکستان میں موجود ہیں، ایک کیٹیگری 1978ء سے یہاں مقیم افغان شہریوں کی ہے جن کے پاس پی او آر کارڈز موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہم ہمسایہ ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں: مرتضیٰ سولنگی
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ دوسری کیٹیگری 2016ء کے افغان شہریوں کی ہے جن کے افغان سٹیزن کارڈز بنائے گئے تھے، 2016ء میں رجسٹرڈ افغان شہریوں کی تصدیق اس وقت کی افغان حکومت نے کی تھی، 17 لاکھ افغان شہریوں میں بڑی تعداد ان لوگوں کی ہے جو 15 اگست 2021ء سے یہاں موجود ہیں۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ایسے افغان شہریوں میں سے کچھ کے ویزے ختم ہو چکے ہیں اور وہ غیر قانونی طور پر یہاں مقیم ہیں، پاکستان اپنی سرزمین پر صرف ان لوگوں کو رہنے کی اجازت دے سکتا ہے جنہیں قانونی طور پر یہاں رہنے کا حق حاصل ہو، 31 اکتوبر تک پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے پاس اختیار ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر واپس چلے جائیں۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ غیر قانونی رہائش پذیر غیر ملکیوں کو 31 اکتوبر کے بعد جبری رخصت کیا جائے گا، ملکی قوانین پر عمل درآمد کرانا نگران حکومت کی ذمہ داری ہے۔