دو روزہ پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو کل شروع ہو گی

Published On 14 February,2023 08:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) کے تعاون سے پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو (پی پی ای) کا افتتاح کل (بدھ) کو ایکسپو سینٹر لاہور میں ہو گا۔

ایتھوپیا کے سفیر ایچ ای جمال بیکر، ایتھوپیا کے اعزازی قونصل جنرل ابراہیم تواب اور پی پی ایم اے نارتھ کے چیئرمین ارشد محمود حکومتی، صنعتکاروں اور دیگر معززین کے ساتھ نمائش کا افتتاح کریں گے۔

2 روزہ نمائش کا اہتمام پرائم ایونٹ مینجمنٹ نے کیا ہے جو جمعرات 16 فروری کو اختتام پذیر ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: منہ کی گندگی مختلف امراض کا سبب بن کر پورے جسم کو متاثر کرسکتی ہے

ایکسپو کے آرگنائزر ڈائریکٹر پرائم ایونٹ کامران عباسی نے بتایا کہ یہ ایکسپو خصوصی طور پر فارماسیوٹیکل آلات مینوفیکچررز، لیبارٹری آلات، ریسرچ اینڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز، را اور پیکجنگ سپلائرز، فارما پرنٹنگ، فارما کیمیکلز، لیب کیمیکلز، فارما انسٹرومنٹس، ہسپتال اور صحت کے آلات بنانے والے اداروں پر مشتمل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان اداروں کی طرف سے نمائش میں الٹرا ساؤنڈ، ایکسرے، ایم آر آئی مشینیں، کارڈیک مانیٹر، ادویات بنانے والے، سرجیکل آلات، ہسپتال کے استعمال کی اشیاء اور لوازمات شامل ہوں گے۔

کامران عباسی نے بتایا کہ ایکسپو سینٹر کے دو ہالز میں 100 سے زائد نمائش کنندگان 250 سٹالز کے ذریعے اپنی مصنوعات، ٹیکنالوجی کی نمائش کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خواتین ہوشیار ، نیل پالش ذیابیطس کا سبب بن سکتی ہے

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایکسپو بین الاقوامی منڈیوں میں مقامی ادویہ سازی کی صنعت کو فروغ دینے اور مقامی صنعت کاروں کو ترقی یافتہ دنیا کی طرف سے اس شعبے میں اپنائی گئی نئی ٹیکنالوجیز اور ترقی کے بارے میں جاننے اور حاصل کرنے کا ایک بہترین موقع فراہم کرے گی۔