پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر نمائش ایکسپو سینٹر لاہور میں شروع، 100 کمپنیاں شریک

Published On 15 February,2023 06:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) کے تعاون سے پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو (پی پی ای) ایکسپو سینٹر لاہور میں شروع ہو گئی۔

ایتھوپیا کے سفیر ایچ ای جمال بیکر، اعزازی قونصل جنرل ابراہیم تواب، سی او شازو گروپ میاں اسد شجاع الرحمان اور آرگنائزر ڈائریکٹر پرائم ایونٹ مینجمنٹ کامران عباسی نے فیتہ کاٹ کر نمائش کا افتتاح کیا، اس موقع پر نمائش میں شریک کمپنیوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

دو روزہ نمائش کا اہتمام پرائم ایونٹ مینجمنٹ نے کیا ہے جو جمعرات 16 فروری کو اختتام پذیر ہو گی، نمائش کے آرگنائزر کامران عباسی نے مہمان خصوصی کو سٹالز کا دورہ کرایا، اس دوران ایمبیسیڈر ایتھوپیا ایچ ای جمال بیکر نے پاکستانی مصنوعات خصوصاً ادویات اور آلات کے معیار کی تعریف کی اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا میں انتہائی اہمیت کا حامل ملک ہے، ادویہ سازی کی صنعت میں بھی وہ پاکستانی مصنوعات کے اعلیٰ معیار کے معترف ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ادویہ سازی کے لیے ایتھوپیا سمیت افریقی ممالک پاکستانی کمپنیوں کے لیے اچھی مارکیٹس ہیں، مہنگائی عالمی مسئلہ ہے، اس کے باوجود پاکستان اپنی مصنوعات ایکسپورٹ کر سکتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نمائش کے منتظم ڈائریکٹر پرائم ایونٹ کامران عباسی نے بتایا کہ یہ ایکسپو خصوصی طور پر فارماسیوٹیکل آلات مینوفیکچررز، لیبارٹری آلات، ریسرچ اینڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز، را اور پیکجنگ سپلائرز، فارما پرنٹنگ، فارما کیمیکلز، لیب کیمیکلز، فارما انسٹرومنٹس، ہسپتال اور صحت کے آلات بنانے والے اداروں پر مرکوز ہے، الٹرا ساؤنڈ، ایکسرے، ایم آر آئی مشینیں، کارڈیک مانیٹر، ادویات بنانے والے، سرجیکل آلات، ہسپتال کے استعمال کی اشیاء اور لوازمات پر مشتمل ہو گی۔

کامران عباسی نے بتایا کہ ایکسپو سینٹر کے دو ہالز میں 100 سے زائد نمائش کنندگان 250 سٹالز کے ذریعے اپنی مصنوعات، ٹیکنالوجی کی نمائش کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایکسپو بین الاقوامی منڈیوں میں مقامی ادویہ سازی کی صنعت کو فروغ دینے اور مقامی صنعت کاروں کو ترقی یافتہ دنیا کی طرف سے اس شعبے میں اپنائی گئی نئی ٹیکنالوجیز اور ترقی کے بارے میں ایک بہترین موقع فراہم کرے گی۔