آلوبخارا وٹامنز کا خزانہ، دماغی کمزوری کیلئے بہترین دوا

Published On 27 August,2020 03:51 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) آلُو بخارا یا آلوچہ ایک خوش ذائقہ پھل ہے جو وٹامنز کا خزانہ ہے اس پھل کی بڑی خوبی اس کا قبض کشا اور زود ہضم ہونا ہے اور حکیموں نے اسے عمدہ غذا اور بہترین دوا قراردے دیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق قدرت نے اس قرمزی رنگت والے پھل کو خوش نما بنایا، یہ دیکھنے میں اکثر آتشیں سرخ بھی نظر آتا ہے، اس کا چھلکا نرم اور اندر گودا ہوتا ہے۔ یہ پھل نشاستہ دار اجزا کے علاوہ کیلشیم، پوٹاشیم، فلورین، فاسفورس، امینو ایسڈ اور گلوکوز کی وجہ سے صحت بخش اور جسم کیلئے مفید ہے۔

آلو بخارے کا مزاج سرد تر ہوتا ہے اور معدہ کی تیزابیت دُور کرنے کیلئے انتہائی مفید پھل ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق اس پھل سے خون میں کولیسٹرول کی مقدار درست رہتی ہے جس کی وجہ سے دل کی شریانیں مضبوط ہوتی اور کھل جاتی ہیں۔

آلو بخارے کا جوس پینے سے دماغی صحت میں اضافہ ہوتا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتی عمر کے ساتھ دماغی کارکردگی میں کمی ہو جاتی ہے جس کیلئے آلو بخارا عمدہ دوا کا کام کرتا ہے۔