لاہور: (روزنامہ دنیا) انڈے پروٹین کے حصول کا سب سے آسان، سستا اور پرتنوع ذریعہ ہے مگر اس سے ہٹ کر بھی یہ بہت کچھ ایسا جسم کو فراہم کرتے ہیں جس کا آپ نے تصور بھی نہیں کیا ہوگا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق درحقیقت انڈے ان چند غذاؤں میں سے ایک ہیں جن کو سپرفوڈ قرار دیا جاتا ہے۔ یہ امینو ایسڈ، اینٹی آکسائیڈنٹس اور آئرن سے بھرپور ہوتے ہیں اور اس کی زردی جسم میں چربی کے خلاف مزاحمت کرنے والے جز کولین کو بڑھاتی ہے جس سے موٹاپے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ انڈوں کے جسم پر مرتب ہونے والے حیرت انگیز اثرات ہوسکتا ہے آپ کو اسے کھانے پر مجبور کردیں۔
انڈے قدرت نے زمین پر سب سے زیادہ غذائی اجزا والی شے پیدا کی ہے، ایک انڈے میں وٹامن اے کی روزانہ ضرورت کا 6 فیصد حصہ، فولیٹ کی روزانہ مقدار کا 5 فیصد، وٹامن بی کا 7، وٹامن بی 12 کا 12 فیصد، وٹامن بی 2 کی روزانہ مقدار کا 15 فیصد اور فاسفورس کی روزانہ کی انسانی ضرورت کا 9 فیصد حصہ پایا جاتا ہے۔