فیصل آباد: سول ہسپتال کی لفٹ 6 ماہ سے خراب ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات

Last Updated On 07 July,2020 10:32 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے سول ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کی لفٹ 6 ماہ کے زائد عرصے سے خراب ہونے کی وجہ سے بند پڑی ہے جس کے باعث مریضوں اور انکے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ ہسپتال انتظامیہ چین کی بانسری بجا رہی ہے۔

سول ہسپتال فیصل آباد کا دوسرا بڑا ہسپتال ہے جہاں روزانہ 100 سے زائد مریض حادثات ، لڑائی جھگڑوں میں زخمی ہونے یا طبیعت خرابی کے باعث ایمرجنسی وارڈ لائے جاتے ہیں۔ گراونڈ فلور پر ابتدائی طبی امداد کے بعد مریضوں کو آپریشن یا وارڈز میں داخلے کے لئے پہلے اور دوسرے فلور پر شفٹ کرنا ہوتا ہے لیکن یہاں تو باوا آدم ہی نرالا ہے۔ گزشتہ 6 ماہ سے ہسپتال کی لفٹ بند پڑی ہے۔

لواحقین مریضوں کو اسٹریچر پر ڈال کر ریمپ کے ذریعے مریضوں کو آپریشن تھیٹر اور وارڈز میں تکلیف کے ساتھ شفٹ کرنے پر مجبور ہیں۔ ادھر لفٹ مرمت کی ذمہ دار کمپنی ہسپتال انتظامیہ سے لاکھوں روپے بٹور کر فرار ہوچکی جسکا کوئی پرسان حال نہیں۔ ہسپتال انتظامیہ طفل تسلیوں کے ساتھ یہ سنا رہی ہے کہ نئی کمپنی کو لفٹ کی مرمت کا ٹھیکہ دے رہے ہیں۔

شہری کہتے ہیں ایک مریض کے ساتھ ایک اٹینڈنٹ کی اجازت ہوتی ہے، مریض کی شفٹنگ کے لئے سیکورٹی عملہ یا دیگر شہریوں کی منت سماجت کرنا پڑتی ہے۔