فیصل آباد: مریضوں میں اضافے کے سبب سول ہسپتال میں بھی کورونا وارڈ قائم

Last Updated On 17 June,2020 08:58 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں مریضوں کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے سول ہسپتال میں بھی کورونا وارڈ قائم کر دیا گیا۔ اس سے پہلے غلام محمد آباد اور الائیڈ ہسپتال میں کورونا کے مریضوں کو رکھا جاتا تھا، ڈاکٹرز کہتے ہیں شہری احتیاط کریں ورنہ حالات قابو میں نہیں رہیں گے۔

کورونا کے وار برقرار، وبا جنگل کی آگ کی طرح پھیلنے لگی۔ مریض زیادہ ہسپتالوں میں جگہ کم پڑنے لگے۔ فیصل آباد میں بھی کورونا مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ غلام محمد آباد اور الائیڈ ہسپتال میں کورونا کے مریضوں کی گنجائش ختم ہونے کہ بعد سول ہسپتال میں بھی کورونا وارڈ قائم کر دیا گیا ہے۔

اقبال وارڈ کو ہائی ڈپنڈنسی وارڈ میں تبدیل کرکے کورونا سینٹر بنا دیا گیا ہے، کورونا وارڈ میں 70 مریضوں کو رکھنے کی گنجائش ہو گی۔ کورونا کے زیر علاج مریضوں کے لواحقین کہتے ہیں۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز تعاون نہیں کرتے۔ دیگر بیماریوں کے مریضوں کو بھی کورونا وارڈ منتقل کردیا جاتا ہے۔

فیصل آباد میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 4 ہزار جبکہ اموات 100 سے زائد ہوچکی ہیں۔