فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد سول ہسپتال میں ایک ماہ سے زائد عرصہ سے کڈنی سینٹر کے ائیر کنڈیشنرز بند پڑے ہیں جس کے باعث ناصرف سخت گرمی میں ڈائلسز کے مریض شدید اذیت میں مبتلا ہیں ۔۔۔ بلکہ لاکھوں روپے مالیت کی ڈائلسز مشینیں بھی خراب ہو رہی ہیں۔
علاج کے منتظر سسکتے مریض، بلا کی گرمی میں ائیر کنڈیشنرز بند ہیں لیکن انتظامیہ اپنے حال میں مست ہے۔ فیصل آباد میں ایک طرف سورج آگ برسا رہا ہے تو دوسری جانب سول ہسپتال میں ایک ماہ سے کڈنی سینٹر کے ائیر کنڈیشنرز بند پڑے ہیں، ڈائلسز کے مریض گرمی سے ہلکان ہو جاتے ہیں۔
شدید گرمی کی وجہ سے ڈائلسز کی 30 میں سے 5 مشینں بھی خراب ہو چکی ہیں۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ٹرانسفارمر خراب ہونے کی وجہ سے ائیر کنڈیشنز بند ہیں، ایک دو روز میں ٹرانسفامر ٹھیک ہونے کی امید ہے۔ ائیر کنڈیشنرز بند ہونے سے ایک طرف گردوں کے مریض دردناک اذیت میں مبتلا ہیں تو دوسری جانب ہسپتال عملے کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈائلسز مشینں خراب ہونے سے 300 سے زائد مریض ڈائلسز سے محروم ہو چکے ہیں۔