فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں محکمہ خوراک کی جانب سے آٹا چکیوں کا گندم کا سرکاری کوٹہ 4 ماہ بعد بھی بحال نہ ہوسکا۔ مارکیٹوں میں گندم کی قیمتیں بڑھنے سے دیسی آٹے کی قیمت بھی 70 روپے فی کلوگرام سے بھی تجاوز کر گئی۔
فیصل آباد میں محکمہ خوراک چار ماہ بعد بھی آٹا چکی مالکان کو گندم کا سرکاری کوٹہ بحال نہ کرسکا جس سے آٹا چکی مالکان اوپن مارکیٹوں سے 2 ہزار روپے فی من خریدی گئی گندم سے آٹے کی پسائی پر مجبور ہیں۔ جس سے دیسی آٹے کی قیمت بھی 70 روپے فی کلوگرام سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ آٹے کی قیمتیں بڑھنے سے کم مقدار میں آٹا خرید کر گزر بسر کرنے والے مزدور طبقے کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
سرکاری سطح پر گندم کا کوٹہ نہ ملنے سے متعدد چکیوں کی بندش کے باعث چکی مالکان بھی بے روزگاری کا شکار ہیں البتہ معاملے پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر علی عمران کہتے ہیں کہ جلد گندم کی فروخت شروع کرنے کیلئے اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں۔ آٹا چکی مالکان کہتے ہیں کہ مہنگے داموں گندم خرید کر سستے داموں آٹا فروخت کرنا ناممکن ہے۔ حکومت جلد کوٹہ بحال کرے تاکہ شہریوں کو سستا آٹا میسر آسکے۔