لاہور: (دنیا نیوز) محرم الحرام کے پیش نظر لاہور پولیس نے مجالس اور جلوسوں کیلئے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے۔
صوبائی دارالحکومت میں 28 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار محرم سکیورٹی پر تعینات ہوں گے، لاہور میں 283 مقامات کو فلیش پوائنٹس قرار دیا گیا ہے، 54 مقامات انتہائی حساس اور 229 حساس قرار دیئے گئے ہیں جہاں اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔
لاہور سٹی ڈویژن میں سب سے زیادہ مجالس اور جلوس برآمد ہوں گے، سٹی ڈویژن میں یکم محرم سے یوم عاشور تک روزانہ کی بنیاد پر چھوٹی بڑی 950 مجالس ہوں گی جبکہ 150 جلوس نکالے جائیں گے جن کی سکیورٹی کیلئے 5ہزار اہلکار تعینات ہوں گے۔
یوم عاشور پر لاہور کا قدیمی اور مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوگا جس کی سکیورٹی کے لیے سرکلر روڈ کو بھی بند کیا جائےگا۔
ایس پی سٹی قاضی علی رضا کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں پر تین درجاتی سکیورٹی ہوگی، یوم عاشور پر مرکزی جلوس کی سکیورٹی کیلئے خاردار تار اور کنٹینرز لگائے جائیں گے جبکہ کیمروں کے ذریعے بھی نگرانی کی جائے گی۔
لاہور پولیس کی جانب سے شہر بھر کی 36 اہم امام بارگاہوں کو بھی فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔