کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران گولی لگنے سے جاں بحق ہونے والی خاتون کے ورثاء کا نیشنل ہائی وے پر دوسرے روز بھی احتجاج جاری ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق احتجاج کے باعث نیشنل ہائی وے پر شدید ٹریفک جام ہے، روڈ کی بندش کی وجہ سے کئی مسافر بھی رل گئے، ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مظاہرین سے مذاکرات کر رہے ہیں، مظاہرین پولیس پر مقدمہ درج کرانے کیلئے بضد ہیں۔
مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ایس ایچ او سٹیل ٹاؤن اور اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، جب تک مقدمہ درج نہیں ہوگا مظاہرہ جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ5 جولائی کو کراچی کے علاقے سٹیل ٹاؤن کے قریب نیشنل ہائی وے پر کار میں سفر کرنے والی 60 سالہ خاتون گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی جبکہ اس کی 19 سالہ بیٹی شدید زخمی ہوگئی تھی۔