اوکاڑہ: (دنیا نیوز) اوکاڑہ میں ڈاکو دکان لوٹ کر فرار ہو گئے، چوری کی وارداتوں میں ملوث گھریلو ملازمہ گرفتار جبکہ حویلی لکھا سے مبینہ ڈاکو کو حراست میں لے لیا اور دوسرا فرار ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ میں لاری اڈا کے قریب آئل سٹور میں 3 مسلح ڈاکو داخل ہوئے اور دکاندار کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر نقدی چھین کر فرار ہو گئے، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی، پولیس نے متاثرہ شخص کی شکایت پر تفتیش شروع کر دی۔
دوسری جانب اوکاڑہ میں ہی چوری کی وارداتوں میں ملوث گھریلو ملازمہ کو حراست میں لے لیا گیا، ملزمہ کے قبضہ سے 85 لاکھ روپے کا مال مسروقہ برآمد کر لیا، پولیس نے تھانے منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
ادھر حویلی لکھا کے نواحی علاقے میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ دوسرا فرار ہو گیا، گرفتار ڈاکو سے چھینی گئی موٹر سائیکل، نقدی اور اسلحہ برآمد کر لیا، فرار ڈاکو کی تلاش کیلئے پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی۔