شکار پور: کچے کے علاقے میں آپریشنز، 3 ڈاکو گرفتار

Published On 01 January,2024 11:38 pm

شکار پور: (ویب ڈیسک) کچے کے علاقوں میں پولیس اور حساس اداروں کے مشترکہ آپریشنز کے دوران 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایس ایس پی محمد عمران خان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پولیس اور حساس اداروں کی جانب سے مشترکہ آپریشنز گڑھی یاسین، نبی شاہ وگن، گولوڈرو اور کچے کے علاقوں میں کیا گیا۔

آپریشنز کے دوران 3 انعام یافتہ ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ڈاکوؤں میں شکور عرف شکرو بروہی 13 مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا، حکومت سندھ کی جانب سے شکرو کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔

ایس ایس پی شکار پور نے مزید کہا کہ دیگر گرفتار ڈاکوؤں میں منور بروہی 6 مقدمات میں مطلوب تھا جس کے سر کی قیمت 5 لاکھ روپے مقرر تھی اور ڈاکو بھورو بروہی شامل ہیں جو 27 مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا جس کے سر کی قیمت 3 لاکھ روپے مقرر تھی۔

عمران خان نے بتایا کہ گرفتار ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ، گرفتار ڈاکو ڈکیتی، قتل ، اغوا برائے تاوان ، لوٹ مار، رہزنی ، قبائلی تصادم سمیت سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔