نئے سال کا جشن، ہوائی فائرنگ اور آتشبازی کے واقعات میں 32 افراد زخمی، 26 گرفتار

Published On 01 January,2024 01:40 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی اور حیدر آباد کے مختلف علاقوں میں سال نو کا جشن منانے کیلئے ہونے والی ہوائی فائرنگ اور آتشبازی کے واقعات کے نتیجے میں 32 افراد زخمی ہو گئے۔

سہراب گوٹھ، فیڈرل بی ایریا، کلفٹن، خواجہ اجمیر نگری، سرسید ٹاؤن، لانڈھی ، شاہ فیصل کالونی، صدر، لیاری، گارڈن، سچل، کورنگی، اورنگی، سائٹ، سرجانی، ملیر قائد آباد ، گلستان جوہر، لیاقت آباد، نیو کراچی، بلدیہ، کیماڑی سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کی گئی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے اب تک 24 افراد زخمی ہوئے، پولیس کے مطابق خواجہ اجمیر نگری اور سرسید ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں سے ہوائی فائرنگ کرنے والے 26 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

کراچی پولیس چیف خادم حسین رند نے سال نو پر ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا عندیہ دیا تھا اس کے باوجود پولیس ہوائی فائرنگ روکنے میں ناکام رہی اور شہر بھر میں درجنوں واقعات ہوئے ہیں۔

ادھر حیدر آباد میں سال نو کا جشن مناتے ہوئے ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کے نتیجے میں پیش آنے والے مختلف واقعات میں 2 بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔