کراچی: نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ، ڈرائیور سمیت 2 افراد جاں بحق، خاتون زخمی

Published On 16 December,2023 04:24 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کار ڈرائیور سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ خاتون شدید زخمی ہو گئی ہے۔

فائرنگ کا واقعہ کراچی کے علاقے ناظم آباد انکوائری آفس سندھ سپورٹس کمپلیکس کے قریب پیش آیا جہاں کار سواروں پر نامعلوم موٹرسائیکل ملزموں نے اندھا دھند گولیاں برسا دیں، گولیاں لگنے سے کار ڈرائیور سمیت 2 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ خاتون شدید زخمی ہو گئی۔

واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی، دونوں لاشوں اور زخمی ہونے والی خاتون کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں زخمی کو طبی امداد دی جا رہی ہے، مرنے والے ایک شخص کی شناخت طارق کے نام سے ہوئی جبکہ آن لائن کار ڈرائیور کی پتا نہیں چل سکا۔

جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول طارق اپنی اہلیہ کے ہمراہ شادی کی تقریب سے واپس گھر جا رہے تھے، گولیاں لگنے سے بنیش بی بی شدید زخمی ہوئی ہے، فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے جن کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔