ٹی 20 ورلڈ کپ: زمبابوے نے سکاٹ لینڈ کو 5 وکٹ سے شکست دیدی

Published On 21 October,2022 06:52 pm

لاہور: ( ویب ڈیسک ) ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں زمبابوے نے سکاٹ لینڈ کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔

آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں گروپ بی کا میچ زمبابوے اور سکاٹ لینڈ کے مابین کھیلا گیا۔

سکاٹ لینڈ اننگز

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سکاٹ لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 132 رنز بنائے، جارج منسے نے سب سے زیادہ 54 رنز بنائے، کالم مک لیوڈ 25 رنز بناکر دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔

ٹینڈائی چتارا اور رچرڈ ناگاراوا نے 2،2 جبکہ بلیسنگ موزاربانی اور سکندر رضا نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

زمبابوے اننگز

133 رنز کا ہدف زمبابوے کی ٹیم نے 18 اعشاریہ 3 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، کپتان کریگ ایرون نے 5 چوکوں کی مدد سے 54 گیندوں پر 58 رنز بنائے، سکندر رضا نے ایک مرتبہ پھر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 40 سکور بنا کر اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

جوش ڈیوے نے سب سے زیادہ 2 جبکہ بریڈ وہیل، مارک واٹ اور مائیکل لیسک نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

مین آف دی میچ

2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 23 گیندوں پر 40 رنز بنانے اور ایک وکٹ کے ساتھ شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سکندر رضا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ گروپ بی میں سے زمبابوے اور آئرلینڈ کی ٹیمیں سپر 12 مرحلے کے لئے کوالیفائی کرچی ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپ سیٹ شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے۔