ٹی 20 ورلڈ کپ: آئرلینڈ کی سپر 12 مرحلے میں انٹری، کالی آندھی میگا ایونٹ سے باہر

Published On 21 October,2022 12:24 pm

ہوبارٹ: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں کھیلے جا رہے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ایک اور بڑا اپ سیٹ ہو گیا، آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹوں سے شکست دیکر میگا ایونٹ سے باہر کر دیا۔

ٹی 20 ورلڈکپ کے میچ میں آئرلینڈ نے دو مرتبہ کی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

ہوبارٹ میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈکپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے 11 ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، کالی آندھی نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے جبکہ ویسٹ انڈیز بلے باز برینڈن کنگ 48 گیندوں پر 62 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

آئرلینڈ نے 147 رنز کا ہدف 15 گیندیں پہلے پورا کر کے ویسٹ انڈیز کو ٹورنامنٹ سے باہر کیا، آئر لینڈ کی جانب سے پال سٹرلنگ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 66 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ لورکن ٹکر نے 45 اور اینڈی بلبرائن نے 37 رنز بنائے۔