محمد رضوان کی آسٹریلیا کی مسجد میں تبلیغ کی ویڈیو وائرل

Published On 20 October,2022 07:42 pm

لاہور: ( ویب ڈیسک ) ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے آسٹریلیا میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی میلبرن کی مسجد میں تبلیغ کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم اپنے دونوں وارم اپ میچ کھیل چکی ہے جبکہ میگا ایونٹ کا پہلا مقابلہ روایتی حریف بھارت کے ساتھ اتوار کو ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے، ویڈیو کا کیپشن دیا گیا ہے کہ محمد رضوان میلبرن کی مسجد میں اسلام کی تبلیغ کر رہے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ محمد رضوان مسجد کے منبر پر مائیک تھامے اسلامی تعلیمات سے متعلق خطاب کررہے ہیں جبکہ کوچ اور سابق کپتان محمد یوسف سمیت دیگر نمازی انہماک کے ساتھ ان کی باتیں سننے میں مصروف ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں بھی قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی دعوت تبلیغ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر محمد رضوان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں انہیں پشتو زبان میں دعوت تبلیغ کرتے دیکھا گیا، البتہ ویڈیو سے متعلق یہ تصدیق نہیں ہوسکی کہ آیا یہ ویڈیو کب کی ہے۔

ویڈیو میں محمد رضوان چند افراد کے ساتھ ایک علاقے میں موجود ہیں جس میں وہ لوگوں کو دعوت تبلیغ دے رہے ہیں۔