بھارت کیخلاف میچ کیلئے شاہینوں کی تیاری، طویل پریکٹس سیشن، بیٹنگ، باؤلنگ کی مشقیں

Published On 21 October,2022 11:46 am

میلبورن: (ویب ڈیسک) ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اپنا پہلا میچ اتوار 23 اکتوبر کو میلبورن کے گراؤنڈ میں کھیلیں گی جس کے لیے قومی ٹیم بھرپور تیاریاں کررہی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کا تین گھنٹے طویل پریکٹس سیشن جاری رہا جس میں بھارتی باؤلرز کو رنز کے ذریعے گھیرنے کے لیے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے مینٹور میتھیو ہیڈن سے مشورے لیے۔

کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے جوڑی کی صورت میں بیٹنگ پریکٹس کی، دونوں بلے باز پہلے فاسٹ باؤلرز اور پھر سپنرز کے سامنے شارٹس لگائیں۔

نیٹ سیشن میں پاکستانی فاسٹ باؤلرز کا بھرپور جوش وخروش دیکھنے میں آیا جہاں فاسٹ باؤلر حارث رؤف ، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کی باؤلنگ سے ساتھی کرکٹرز بھی پریشان نظر آئے۔

دوسری جانب آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں موسم ابر آلود ہے اور وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اتوار کوکھیلے جانیوالے میچ کے دوران بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔