پی ایس ایل 7: یونائیٹڈ کے ' اتحاد' نے گلیڈی ایٹرز کو بے حال کردیا

Published On 03 February,2022 06:39 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے 'اتحاد' نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بے حال کرتے ہوئے 43 رنز سے فتح اپنے نام کرلی۔

کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیدیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 7 کے پہلے مرحلے کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اننگز

اسلام آباد کے 230 رنز ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے احسن علی اور عبدالواحد بنگلزئی نے اننگز کا آغاز کیا،احسان علی 50، عبدالواحد بنگلزئی 14، جیمز ونس صفر اور بین ڈکٹ 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،محمد نواز 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر 47 سکور بناکر حسن علی کی گیند پر الیکس ہیلز کو کیچ دے بیٹھے، سہیل تنویر اور نسیم شاہ نے صفر پر وکٹ گنوا دی جبکہ جیمز فالکنر30 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

کپتان سرفراز احمد 11، بین ڈکٹ11،افتخار احمد6 اور  شاہد آفریدی صرف 4 سکور بناکر آؤٹ ہوگئے، شاداب خان نے 5، حسن علی اور محمد وسیم جونیئر نے 2،2 اور وقاص مقصود نے 1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس طرح 230رنز ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 19 اعشاریہ 3 اوورز میں 186رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

 اسلام آباد یونائیٹڈ اننگز

اس سے قبل یونائیٹڈ کی جانب سے پال سٹرلنگ اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ کوئٹہ کے محمد نوازنے پہلا اوور کرایا۔

اسلام آباد یونایئٹڈ کے اوپنر الیکس ہیلز اور آئر لینڈ سے تعلق رکھنے والے پاؤل سٹرلنگ نے شروع سے ہی طوفانی آغاز کیا اور وکٹ کے چاروں طرف جارحانہ شارٹس کھیلے۔ دونوں کے درمیان ففٹی کی شراکت داری قائم ہوئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلا نقصان الیکس ہیلز کی صورت میں اٹھانا پڑا جب بیٹر 9 گیندوں پر 22 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، اسی دوران کولن منرو اور پاؤل سٹرلنگ نے رنز کو تیزی سے آگے بڑھایا۔

تاہم 8 ویں اوور میں 102 رنز کے مجموعی سکور پر آئرش بلے باز 28 گیندوں پر 58 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ شاداب خان کی اننگز اس بار 9 رنز تک محدود رہی اور محمد نواز نے وکٹ حاصل کی، اعظم خان نے 6 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 35 گیندوں پر 65 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، کولن منرو 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 39 گیندوں پر 71 سکور بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

 اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورزمیں 4 وکٹ کے نقصان پر229 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا،محمد نواز نے 2، شاہد آفریدی اور جیمز فالکنر نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 39 گیندوں پر 71رنز کی اننگز کھیلنے والے کولن منرو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سکواڈ

اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سکواڈ میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں اور شاہد آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، دیگر کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، جیمز ونس، احسان علی، بین ڈکٹ، افتخار احمد، محمد نواز، سہیل تنویر، جیمز فالکنر، نسیم شاہ اور عبدالواحد بنگلزئی شامل تھے۔

 اسلا آباد یونائیٹڈ سکواڈ

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے سکواڈ میں کپتان شاداب خان، الیکس ہیلز، پال سٹرلنگ، کولن منرو، آصف علی، اعظم خان، مبصر خان، فہیم اشرف، محمد وسیم جونیئر، حسن علی اور وقاص مقصود شامل تھے۔