لاہور: (روزنامہ دنیا) ننھے کرکٹ فین کے شکوے پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر گنجائش ملتی ہے تو وہ پی ایس ایل میں بچوں کو سٹیڈیم آنے کی اجازت دے دیں گے۔
خیال رہے کہ ننھے کرکٹ فین نے سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہ ملنے پر شکوہ کیا تھا اور چیئرمین پی سی بی سے چھٹی والے دن بچوں کو سٹیڈیم آنے کی اجازت کی درخواست کی تھی۔ اس کا جواب دیتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ڈیئر حمزہ! آپ کی ویڈیو دیکھی، آپ کے جذبات سمجھ سکتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کے باعث اجازت نہیں مل رہی، قوانین ہیں کیا کر سکتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے اعتراف کیا کہ یہ بات سچ ہے لیگ سجتی ہی بچوں کی وجہ سے ہے ، اداروں سے بات کی ہے، گنجائش نکلتی ہے تو اجازت دیں گے۔ ساتھ میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آپ کے جذبات کو سراہتا ہوں۔