لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ اور سرفراز احمد آمنے سامنے آگئے ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے کہا پاکستان کو بیچ کر میچ فکس کرنے والا بھاشن دے گا تو پھر اللہ ہی حافظ ہے۔
پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کا پہلا مرحلہ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں جاری ہے، گزشتہ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی شکست پر سلمان بٹ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی شکست کے ذمہ دار سرفراز احمد ہیں، ان کو اپنی کارکردگی پر دھیان دینا چاہیے، سرفراز احمد مشورہ نہیں کرتےبلکہ اپنی مرضی مسلط کرتے ہیں۔
سلمان بٹ نے مزید کہا سرفراز احمد کی من مرضی کی وجہ سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ہار بھگتنا پڑی، سرفراز احمد بات نہیں کرتے وہ چیختے ہیں، کھلاڑیوں سے مشورہ نہیں کرتے بلکہ حکم چلاتے ہیں ، نسیم شاہ ہاتھ جوڑ کر اپنی مرضی کی فیلڈ مانگ رہا تھا ، سرفراز اپنی مرضی سے فیلڈ چلا رہا تھا، وہ ہمیشہ ہر کسی کے ساتھ ایسا ہی کرتے ہیں ۔
سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ اگر خود ٹیم چلانی ہے تو شکست پرجواب بھی دیں ، دو سال سے کوئٹہ ہار رہی ہے اس کا ذمہ لیں ، سرفراز کو اپنی پرفارمنس پر توجہ دینی چاہیے ، کھلاڑیوں پردباٶ نہ ڈالیں تاکہ وہ پرفارم کرسکیں۔
کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے سلمان بٹ کا نام لیے بغیر ٹوئٹر پر تنقید کرتے اور جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بیچنے والا فکسر نیت کے بھاشن دے گا تو پھر اللہ ہی حافظ ہے۔
Pakistan ko on duty beachne wala fixer jub niyat pe bhashan dega phir to Allah he Hafiz hai .#justsying
— Sarfaraz Ahmed (@SarfarazA_54) February 2, 2022
سرفراز احمد کا ٹوئٹر پر دیا گیا سلمان بٹ کو کرارا جواب سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوگیا۔