پی ایس ایل فائیو: ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا

Last Updated On 26 February,2020 11:55 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے دوسرے مرحلے کے دوران ملتان سلطانز نے ہوم گراؤنڈ پر پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے مرحلے کا آغاز ملتان کرکٹ سٹیڈیم سے ہوا، جس کے ساتھ ہی ملتان میں 12 سال کے طویل عرصے کے بعد کسی انٹرنیشنل طرز کے مقابلے کا انعقاد ہوا ہے۔ اس میچ کے دوران شائقین کی بڑی تعداد نے سٹیڈیم کا رُخ کیا اور اپنی ٹیم کو سپورٹ کیا۔

 میچ سے قبل ٹاس کے لیے دونوں کپتان شان مسعود اور ڈیرن سیمی پچ پر آئے جہاں پر ملتان سلطانز کے کپتان نے ہوم گراؤنڈ پر ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کو ترجیح دیتے ہوئے حریف ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

 پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے 8 ویں میچ میں پشاور زلمی کی طرف سے اوپننگ کا آغاز ٹام بینٹن اور کامران اکمل نے کیا۔

پشاور زلمی کی طرف سے اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا، پہلے ہی اوور میں محمد عرفان نے انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے بیٹسمین ٹام بینٹن کو پویلین بھیج دیا، ایکسٹرا کور پر موجود شاہد آفریدی نے شاندار کیچ تھاما۔

 آل راؤنڈر شعیب ملک تیسرے میچ میں بھی ناکام رہے اور 4 گیندوں پر 2 رنز بنا کر محمد الیاس کی شاندار گیند پر ذیشان اشرف کو کیچ دے بیٹھے۔ انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے لیونگسٹون بھی بڑی اننگز نہ کھیل پائے اور اسی اوور میں نوجوان فاسٹ باؤلر کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ اس بار بھی گیند وکٹ کیپر کے ہاتھوں میں گئی۔ 

ون ڈاؤن پوزیشن پر آنے والے حیدر علی نے اس دوران جارحانہ اننگز کھیلی اور وکٹ کے چاروں طرف خوبصورت شارٹس کھیلے۔ بیٹسمین نے 27 گیندوں پر 47 رنز کی اننگز کھیل کر سہیل تنویر کی گیند پر ڈیپ وکٹ پر موجود ریلی روسو کو کیچ دے دیا۔

فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کی اننگز 9 تک محدود رہی، عمران طاہر کی گیند پر وینس کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کی اننگز 9 تک محدود رہی، عمران طاہر کی گیند پر وینس کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ لیام ڈاؤسن شاہد آفریدی کا شکار بن گئے، انہوں نے 23 گیندوں پر 22 رنز کی باری کھیلی۔

ڈیرن سیمی بغیر کوئی سکور بنائے محمد عرفان کی گیند پر 108 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 13 گیندوں پر 2 رنز بنائے۔ اس بار بھی کیچ مڈ آن پر موجود وینس نے پکڑا۔ حسن علی کی وکٹ سہیل تنویر نے حاصل کی۔ انہوں نے 8 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی ٹیم ملتان سلطان کے خلاف 123 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سہیل تنویر نے 4 شکار کیے۔ محمد الیاس اور محمد عرفان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی طرف سے اننگز کا آغاز انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے جیمز وینس اور معین علی نے کیا۔ پہلی اننگز کی طرح پہلی ہی گیند پر ڈیرن سیمی نے وینس کا کیچ سلپ پر چھوڑ دیا۔ تاہم حسن علی نے پہلے اوور کی آخری گیند پر وینس کو پویلین بھیج دیا۔ انہوں نے پانچ رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد عامر خان نے کیچ تھاما ۔

تاہم حسن علی نے پہلے اوور کی آخری گیند پر وینس کو پویلین بھیج دیا۔ انہوں نے پانچ رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد عامر خان نے کیچ تھاما ۔معین علی کو راحت علی نے آؤٹ کیا۔ باریش بیٹسمین نے 2 سکور کی اننگز کھیلی۔

دیگر بیٹسمینوں میں کپتان شان مسعود اور ذیشان اشرف آؤٹ ہوئے، دونوں نے بالترتیب 8 اور 12 رنز کی باری کھیلی۔

اس کے بعد ریلی روسو اور خوشدل شاہ نے شاندار باری کھیلتے ہوئے سکور آگے بڑھایا اور 15 اوورز میں 124 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔

ریلی روسو نے 42 گیندوں پر 49 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ خوشدل شاہ نے 43 سکور کئے، پشاور زلمی کی طرف سے وہاب ریاض نے دو، راحت علی اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 پی ایس ایل 5کے دوسرے مرحلے کے پہلے مقابلے کےاختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کی ٹیم سرفہرست ہے جب کہ دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم دوسرے اوردفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تیسرے نمبر پر موجود ہے ۔ پی ایس ایل 5میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، ملتان سلطانز،پشاور زلمی اوراسلام آباد یونائیٹڈ 3،3میچزکھیل چکی ہیں،دیگر4 ٹیموں کی2،2میچزمکمل ہوئے ہیں۔

ملتان سلطانز کا 3 میچز میں 2 کامیابیوں کے بعد رن ریٹ کی بنیاد پر پہلا نمبر ہے،اسلام آباد یونائیٹڈ کا 3میچزمیں 2فتوحات کے ساتھ دوسرانمبرپرہے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز3میچزمیں 2کامیابیوں کے ساتھ 4پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبرپرہے۔

کراچی کنگز 2 میچز میں سے ایک میں کامیابی کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر موجود ہے جب کہ پشاورزلمی نے 3میچزمیں سے ایک جیتا اور2پوائنٹس کے ساتھ اس کا پانچواں نمبر ہے -لاہور قلندرز کی ٹیم اپنے دونوں میچز میں شکست کے بعد ایک بار پھر ٹیبل میں آخری پوزیشن پر کھڑی ہے ۔