پی ایس ایل کیلئے آئے جونٹی رہوڈز کی ہیوی بائیک پر اسلام آباد کی سیر

Last Updated On 27 February,2020 10:58 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے لیے کمٹنری پینل میں موجود سابق جنوبی افریقی پلیئر جونٹی رہوڈز ہیوی بائیک پر وفاقی دارالحکومت میں سیر و تفریح کرتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں امن لوٹتے ہی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا انعقاد ہو رہا ہے، جہاں پر ملکی اور غیر ملکی کرکٹرز لیگ میں رونقیں بڑھا رہے ہیں وہیں پر سابق غیر ملکی کرکٹرز بھی پاکستان میں موجود ہیں اور سکیورٹی کے حوالے سے پاکستان کے پر امن ہونے کی ’نوید‘ دنیا کو بتا رہے ہیں، سابق پروٹیز کرکٹر اور دنیا کے بہترین فیلڈر جونٹی رہوڈز نے اسلام آباد میں ہیوی بائیک پر شہر کی سیر کی۔

دنیا بھر میں اپنی فیلڈنگ کے لیے مشہور سابق جنوبی افریقی کرکٹر ان دنوں پاکستان سپر لیگ میں کمنٹری کے فرائض انجام دینے کے لیے پاکستان میں موجود ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے مرحلے کے میچز میں کمنٹری کے لیے جونٹی رہوڈز ان دنوں اسلام آباد میں موجود ہیں جہاں راولپنڈی سٹیڈیم ایونٹ کے 8 میچوں کی میزبانی کرے گا۔

جمعرات کو جونٹی رہوڈز نے ہیوی بائیک کے قافلے ہمراہ اسلام آباد کی سیر کی اور اس سفر کو شاندار قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جن دنوں میں کرکٹ کھیل رہا تھا تو اس وقت جن ملکوں کا میں نے دورہ کیا انہیں مجھے زیادہ دیکھنے کا موقع نہیں ملا تھا۔

ماضی کے بہترین فیلڈر کا کہنا تھا کہ اب کوچ اور کمنٹیٹر کی حیثیت سے میری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ اس تجربے سے لطف اندوز ہو سکوں۔

انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک اور پیغام میں کہا کہ راولپنڈی کے میدان میں آخری بار ساتھی کمنٹیٹر ڈومینک کورک کے خلاف 1996 کے ورلڈ کپ کے دوران کھیلا تھا۔

جونٹی رہوڈز کا کہنا تھا کہ ہمارے ایک اور ساتھی کمنٹیٹر مائیکل سلیٹر راولپنڈی میں مین آف دی میچ ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں۔

یاد رہے کہ جونٹی رہوڈز کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کے ڈومینک کورک، آسٹریلیا کے مائیکل سلیٹر سمیت متعدد سابق کرکٹ سپر سٹار پی ایس ایل میں کمنٹری کے لیے پاکستان میں موجود ہیں۔