پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم بک گئی، علی ترین ملتان کے مالک بن گئے

Last Updated On 20 December,2018 03:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم بھی بک گئی، پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین 63 کروڑ 50 لاکھ روپے میں 7 سال کے لیے پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم ملتان کے مالک بن گئے، ملتان ٹیم میں شعیب ملک، جنید خان، محمد عرفان، شان مسعود، محمد عباس شامل ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل علی ترین نے پاکستان سپر لیگ میں چھٹی ٹیم خریدنے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کا عندیہ دیا تھا، علی ترین نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ  گزشتہ سال جب ملتان سلطانز کو 5.2 ملین ڈالرز میں بیچا گیا تو مجھے لگا کہ یہ قیمت کچھ زیادہ ہی ہے، ایک سال بعد اس فرنچائزکے مالک پی سی بی کو فیس ادا کرنے میں ناکام رہے جس کے باعث اب اس کو دوبارہ فرخت کرنیکا منصوبہ بنایا جا رہا ہے، اس ٹیم کو جنوبی پنجاب میں رکھنے کے لیے میں نے 4 ملین ڈالرز کی بولی دینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن خبر یہ ہے کہ پھر 5 ملین کراس ہوگا، اب میں اپنے فیصلے پر نظر ثانی کررہا ہوں ۔

بعد ازاں ایک اور ٹویٹر پیغام میں علی ترین کا کہنا تھا کہ  بعض افراد کی جانب سے 5 ملین ڈالرز کی بولی لگائے جانے کی خبر غلط نکلی ہے، ایک گروپ نے مجھے بتایا کہ وہ 7 ملین ڈالرز کی بولی دے گا، گزشتہ سال بھی لوگوں نے اسی طرح کے دعوے کیے تھے لیکن کسی نے 5.2 ملین ڈالرز سے زیادہ کی بولی نہیں لگائی ۔

 یاد رہے کچھ روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 4 کے شیڈول کا اعلان کیا۔ پی سی بی کے مطابق پاکستان سپرلیگ 2019 کے 34 میچز میں سے آخری 8 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے، جس مں سے 3 لاہور اور 5 کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ کراچی میں کھیلے جانے والے میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی جبکہ لاہور میں کھیلے جانے والے میچز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا افتتاحی میچ 14 فروری کو دفاعی چیمپئنز اسلام آباد یونائیٹڈ اور چھٹی ٹیم کے درمیان کھیلا جائے گا۔ شیڈول کے مطابق 14 میچ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم، 4 ابوظہبی میں واقع شیخ زید اسٹیڈییم اور 8 میچ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ ایڈیشن میں نئی فرنچائز  ملتان سلطانز  کا اضافہ ہوا تھا لیکن مالی مسائل کے سبب فرنچائز مالکان مقررہ وقت پر ادائیگیوں سے قاصر رہے تھے۔ پی سی بی نے فرنچائز کو ملکیت سے محروم کردیا تھا جس کے بعد ٹیم کے مالکانہ حقوق پی سی بی کو منتقل ہو گئے تھے۔