جرمنی میں تارکین وطن کو لے جانے والی وین کو حادثہ، 7 افراد ہلاک

Published On 14 October,2023 03:22 pm

برلن : (ویب ڈیسک ) جرمنی کی ریاست باویریا میں تارکین وطن کو لے جانے والی ایک وین حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق باویریا کے وزیر داخلہ یوآخم ہرمن نے جرمن میڈیا کو بتایا کہ تارکین وطن کو لے جانے والی ایک وین باویریا میں ہائی وے جنکشن پر گر کر تباہ ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں  6سالہ بچے سمیت 7افراد ہلاک اور 16زخمی ہوگئے جن میں سے بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وین میں  9مسافروں کی گنجائش تھی تاہم اس میں23افراد کو لے جانے کے دوران ڈرائیور نے وین کو 180کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بھگایا اور گاڑی پر کنٹرول کھو بیٹھا ۔

باویریا کے وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ پولیس نے وین ڈرائیور اور ایک اور زخمی شخص کو گرفتار کر کے انسانی سمگلنگ کے شبے میں تفتیش شروع کر دی ہے۔