متحدہ عرب امارات: عیدالاضحیٰ پر 1500 سے زائد قیدیوں کی رہائی کااعلان

Published On 23 June,2023 11:41 am

دبئی : (ویب ڈیسک ) متحدہ عرب امارات کے حکمرانوں نے عید الاضحیٰ سے قبل 1500 سے زیادہ قیدیوں کو معافی دے کر رہا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق حاکمِ دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے امارت دبئی کی جیلوں سے مختلف قومیتوں کے 650 قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔

اس حوالے سے دبئی کے اٹارنی جنرل عصام عیسیٰ الحمیدان کا کہنا تھا کہ شیخ محمد کا یہ حکم قیدیوں کے اہل خانہ میں خوشیاں بانٹنے،انھیں ایک نئی زندگی شروع کرنے اور معاشرے میں دوبارہ ضم ہونے کا موقع فراہم کرنے کی خواہش کا مظہر ہے۔

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے بھی عید الاضحیٰ سے قبل 988 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ عرب امارات میں ہرسال رمضان المبارک اورعیدالاضحیٰ سے قبل معمولی جرائم میں جیلوں مں بند سیکڑوں قیدیوں کو معاف کے بعد رہا کیا جاتا ہے ۔ 

حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے گذشتہ سال 6 جولائی کو عیدالاضحیٰ سے قبل امارت میں اصلاحی اور تادیبی اداروں سے 505 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا تھا۔