یروشلم : (ویب ڈیسک ) اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ پر مسلسل بمباری ، دو روز کے دوران مسلسل فضائی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 27 جبکہ 76 زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فورسز اور اسلامی جہاد کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی فضائی حملوں میں تین کمانڈرز کی شہادت کے بعد غزہ سے 400 سے زائد راکٹس فائر کیے گئے جن میں سے کچھ کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا گیا اور کچھ اسرائیلی سرزمین پر گرے۔
غزہ سے داغے گئے راکٹس میں اسرائیلی سرزمین پر جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم ان راکٹس حملوں کے جواب میں اسرائیلی فوج نے تازہ حملے کیے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ پر فضائی حملوں میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا جس میں اسلامی جہاد کے راکٹ لانچنگ فورس کے کمانڈر علی غالی مارے گئے۔
اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا کہ اس عمارت کو راکٹس کی تیاری اور لانچنگ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
منگل کو لڑائی شروع ہونے کے بعد سے دونوں فریقوں کے درمیان تشدد کی بدترین لہر سامنے آئی تھی اور اب تک ان حملوں میں 27 افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں 5 خواتین اور 5 بچوں سمیت اسلامی جہاد کی راکٹ لانچنگ فورس کے کمانڈر بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ جنوری کے آغاز سے اب تک دونوں فریقوں کے درمیان وقفے وقفے سے جھڑپوں اور چھاپوں میں 125 سے زائد فلسطینی اور 19 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق اگست 2022 میں اسرائیل اور اسلامی جہاد کے درمیان تین دن تک مسلح جھڑپوں کے نتیجے میں 49 فلسطینی مارے گئے تھے جن میں اسلامی جہاد کے 12 ارکان اور کم از کم 19 بچے بھی شامل تھے۔