استنبول: (دنیا نیوز) سعودی صحافی جمال خشوگی کی لاش سے متعلق تُرک اٹارنی جنرل ذرائع کا کہنا ہے کہ جمال خشوگی کو قتل کرنے کے بعد ان کی لاش کے ٹکڑوں کو سعودی سفارتکار کی رہائش گاہ پر تیزاب میں تحلیل کردیا گیا۔ تحقیقاتی ٹیم کو استنبول میں سعودی سفارتکار کے گھر سے کیمیائی اجزا کی موجودگی کے شواہد ملے ہیں۔
سعودی صحافی جمال خشوگی کی باقیات کا تاحال پتہ نہیں لگایا جاسکا۔ تُرک اٹارنی جنرل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ صحافی جمال خشوگی کو قتل کرنے کے بعد ان کی لاش کے ٹکروں کو سعودی قونصل جنرل محمد العُتیبی کی رہائش گاہ پر تیزاب میں تحلیل کردیا گیا۔
الجزیرہ کے مطابق ترک تفتیش کاروں نے جمال خشوگی کے قتل کے دو ہفتے بعد قونصل جنرل کی رہائش گاہ کی تلاشی لی، تلاشی کے دوران تحقیقاتی ٹیم کو استنبول میں سعودی قونصل جنرل کے گھر کے کنویں سے ہائیڈرو فلورک ایسڈ سمیت دیگر کیمیائی اجزا کی موجودگی کے شواہد ملے ہیں۔
ادھر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا ہے کہ خشوگی کےقتل میں ملوث افراد کو سزا دی جائے گی۔ سعودی صحافی جمال خشوگی کو 2 اکتوبر کو ترکی میں سعودی قونصل خانے کے اندر قتل کیا گیا تھا۔