انقرہ: (دنیا نیوز) جمال خشوگی قتل کیس میں پیشرفت کا جائزہ لینے سی آئی اے کی ڈائریکٹر ترکی پہنچ گئیں، امریکی صدر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے دفاعی معاہدے ختم نہیں کریں گے، ادھر ڈونلڈ ٹرمپ اور ولی عہد محمد بن سلمان میں ٹیلیفونک بات چیت بھی ہوئی ہے۔
جمال خشوگی کے قتل کا معاملے پر امریکی اور سعودی حکام میں اہم ملاقاتیں جاری ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں صحافی خشوگی کے قتل کے معاملے پر بات چیت ہوئی۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ وہ جمال خشوگی کی موت کے حوالے سے سعودی حکام کی جانب سے فراہم کردہ وضاحتوں سے مطمئن نہیں۔ آج بہت سے حقائق سامنے آ جائیں گے تاہم سعودی عرب کےساتھ دفاعی معاہدے ختم نہیں کریں گے۔
اس سے پہلے امریکی نیشنل سیکورٹی کے مشیر جان بولٹن نے تصدیق کی ہے کہ سعودی حکام کے ساتھ خشوگی قتل کی تحقیقات کے معاملے پر بات چیت جاری ہے۔ واشنگٹن تحقیقات کی مکمل تفصیل جاننا چاہتا ہے۔ ادھر امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سی آئی اے کی ڈائر یکٹر جینا ہیسپل ترکی میں جمال خشوگی سے متعلق امریکی تفتیش کا جائزہ لیں گی۔
سی آئی ترجمان نے جینا ہیسپل کے دورے پر کسی قسم کے تبصرے سے انکار کیا ہے۔ امریکی وزیرِ خزانہ سٹیون منوچن نے ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات بھی کی ہے۔
سعودی عرب نے تقریباً تین ہفتے تک جمال خشوگی کے قتل سے انکار کے بعد ہفتے کو اقرار کیا کہ جمال خشوگی کا قونصل خانے میں قتل ہو گیا اور اس حوالے سے انھوں نے 18 اہلکاروں کو تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا ہے۔