نیویارک (دنیا نیوز ) برطانیہ، جرمنی اور فرانس نے معروف صحافی جمال خوشقجی کی گمشدگی کے حوالے سے قابل اعتماد تحقیقات کا مطالبہ کر دیا، ادھر ترک صدر اور سعودی شاہ سلمان کے درمیان صحافی کی گمشدگی کے حوالے سے ٹیلیفونک بات چیت ہوئی ہے۔
صحافی جمال خوشقجی استنبول میں سعودی قونصل خانے کے دورے کے دوران پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے تھے جس کے بعد برطانیہ، جرمنی اور فرانس نے تحقیقات کا مطالبہ کر دیا تھا۔ تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ کا کہنا ہے کہ اگر کوئی اس واقعے کا ذمہ دار پایا گیا تو اسے اس کا جوابدہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے ریاض سے تفصیلی جواب دینے پر زور دیا، برطانوی وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ نے اب تک ہونے والی تمام صورتحال کا ذمہ دار سعودی عرب کو قرار دیا ہے۔ ادھر سعودی عرب کے شاہ سلمان اور ترک صدر طیب اردوان میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں لاپتہ صحافی جمال خشوگی کے معاملے پر بات چیت کی گئی۔
سعودی عرب نے کہا ہے کہ صحافی جمال خوشقجی کی گمشدگی کی وجہ سے اس پر کسی قسم کی پابندیاں عائد کی گئیں تو وہ جوابی کارروائی کر سکتا ہے۔