ریاض: (دنیا نیوز) جمال خاشقجی کی گمشدگی پر سعودی عرب نے امریکی دھمکی مسترد کر دی۔ سعودی عرب کا کہنا ہے کہ کسی بھی ممکنہ اقدام کا بھرپور جواب دیا جائے گا، برطانیہ اور امریکا نے جدہ میں شیڈول سرمایہ کاری کانفرنس کے بائیکاٹ پر غور شروع کر دیا۔
سعودی صحافی کی گمشدگی پر ریاض اور واشنگٹن میں کشیدگی جاری ہے۔ سعودی عرب کا کہنا ہے کہ پابندی لگائی گئی یا کسی بھی طرح جارحیت کا مظاہرہ کیا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ دوسری جانب برطانیہ اور امریکا نے جدہ میں شیڈول سرمایہ کاری کانفرنس کے بائیکاٹ پر غور شروع کردیا ہے۔
سعودی عرب کے خلاف ٹرمپ کے بیان کے بعد سعودی اسٹاک مارکیٹ کریش کر گئی اور اتوار کو انڈیکس میں 7 فیصد تک کمی دیکھی گئی۔ یاد رہے کہ سعودی ولی عہد کے ناقد جمال خاشقجی 2 اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں داخل ہونے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔