فرانس : ہیلی کاپٹر پر جیل سے فرار ہونے والا گینگسٹر ریڈونی فیڈ گرفتار

Last Updated On 03 October,2018 09:07 pm

پیرس: (دنیا نیوز) فرانسیسی پولیس نے جیل سے بھاگنے والے خطرناک قیدی کو تین ماہ کی جدوجہد کے بعد دوبارہ حراست میں لے لیا۔

آپریشن میں پچاس پولیس افسر شریک تھے جن میں کچھ اسپیشل کمانڈوز بھی شامل تھے۔ ریڈونی فیڈ جولائی میں جیل کی سخت سیکیورٹی کو توڑتے ہوئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے فرار ہوا تھا۔ وہ پولیس اہلکار کو قتل کرنے کے جرم میں 25 سال سے جیل کاٹ رہا تھا۔ خطرناک مجرم جیل سے کئی بار بھاگ چکا ہے اور 2010ء میں اس نے اپنی زندگی کے بارے میں کتاب بھی شائع کی تھی۔

ریڈونی فیڈ فرانس کے خے نامی ایک غریب علاقے میں پیدا ہوئے تھے اور وہیں پرورش پائی۔ 90 کی دہائی میں وہ مجرموں کے گروہوں کا حصہ بن گئے اور ڈکیتی اور بھتہ خوری میں ملوث ہو گئے۔ ریڈونی فیڈ خود تسلیم کرتے ہیں کہ انھوں نے جیلوں سے فرار ہونے کے لیے جو طریقے اپنائے وہ انھوں نے ہالی وڈ سے سیکھے ہیں۔ریڈونی فیڈ نے 2009 میں اپنی زندگی پر ایک کتاب بھی لکھی اور اعلان کیا کہ وہ اب جرائم کی دنیا کو چھوڑ رہے ہیں لیکن ایک سال بعد ڈکیتی کی ایک اور واردات کے دوران گرفتار ہو گئے۔ اس دوران ایک پولیس اہلکار بھی ماری گئی اور انھیں 25 سال قید ہو گئی۔