امریکی خاتون اوّل پانچ روزہ دورہ افریقہ پر گھانا پہنچ گئیں

Last Updated On 03 October,2018 08:47 pm

واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) شوہر کے بغیر میلانیا کا پہلا غیر ملکی دورہ، کینیا، ملاوی اور مصر بھی جائیں گی، دورے کے دوران خاتون اوّل کی توجہ ماؤں اور بچوں کی صحت اور تعلیم پر مرکوز رہے گی۔

دورہ افریقہ کے پہلے مرحلے میں امریکی خاتون اوّل میلانیا ٹرمپ گھانا پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز دارالحکومت عکرہ میں بچوں کے اسپتال کا دورہ کیا۔ شوہر کے بغیر خاتون اوّل کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق اس دورے کے دوران میلانیا کینیا،ملاوی اور مصر بھی جائیں گی۔

دورے کے دوران خاتون اوّل کی توجہ اسپتالوں میں ماؤں اور نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال اور بچوں کی تعلیم پر مرکوز رہے گی ۔میلانیا ٹرمپ امریکہ کی دیگر خواتین اوّل کے نقش قدم پر چل رہی ہیں جنہوں نے افریقی براعظم کا دورہ کیا تھا۔ ہیلری کلنٹن، لورا بش اور مشیل اوباما نے افریقی براعظم کا کئی بار دورہ کیا تھا۔میلانیا کی ترجمان اسٹفینی گرشام کے مطابق، اُن کا بیٹا بیرون دورے میں اُن کے ساتھ نہیں ہوگا جو اپنی تعلیم اور فٹبال کھیلنے پر دھیان دے گا۔