واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور متنازع اقدام اٹھاتے ہوئے اپنے ناقدین کی سکیورٹی کلیرنس ختم کرنےکا فیصلہ کر لیا۔ وائٹ ہاؤس نے اس سلسلے میں انٹیلیجنس، قانون فافذ کرنے والے ادارے اور قومی سلامتی کے سابق سربراہان کے نام جاری کیے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خود پر تنقید برداشت نہ کر سکے، ناقدین کے خلاف اہم قدم اٹھاتے ہوئے سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر جان برینن اور اوباما دور کی انتظامیہ میں شامل بعض ناقدین کی سکیورٹی کلیرینس واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔
پریس سیکریٹری سارہ سینڈرز کا کہنا ہے کہ ان افراد نے اپنی ملازمتوں سے سیاسی فائدے اٹھائے اور صدر ٹرمپ کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کئے۔
سابق ایف بی آئی ڈپٹی ڈائریکٹر اینڈریو مک کیب، سابق ڈائریکٹر قومی انٹیلیجنس جیمز کلیپر، سابق مشیر قومی سلامتی سوزن رائس اور سابق ڈائریکٹر قومی سلامتی ایجنسی مائیکل ہیڈن صدر ٹرمپ کے ناقدین میں شامل ہیں۔ جان برینن اور سوزن رائس نے صدر ٹرمپ کی روسی صدر سے ملاقات پر تنقید کی تھی۔