بوداپست: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کے عمل کی حوصلہ افزائی کے لیے کہیں ڈونٹ تو کہیں ڈسکاؤنٹ کوپنز تقسیم کیے جا رہے ہیں لیکن ہنگری میں پیسٹری کی دکان ایسی بھی ہے جہاں کورونا وائرس کی تھیم پر مبنی سوئٹ 'موس' (جیلی اور مختلف چیزوں کی تہہ والی میٹھی ڈش) پیش کی گئی ہے۔
ہنگری کے دارالحکومت بوداپست کے شمال مشرقی علاقے ویراسجہاز سے تعلق رکھنے والی سُلیان فیملی کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے کے خوف کو کم کرنے کی کوشش میں پیش پیش ہے۔ سلیان فیملی رنگ برنگی جیلی اور دیگر لوازمات کے ساتھ سرنج سے سجے چھوٹے چھوٹے گلاس میں موس پیش کر رہی ہے۔
اس میٹھے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں موجود جیلی کے الگ الگ رنگ کرونا وائرس کی مختلف ویکسین کی عکاسی کرتے ہیں۔
پیلے رنگ کی جیلی کو برطانوی دوا ساز کمپنی ایسٹرازینیکا کی ویکسین قرار دیا گیا ہے جبکہ گہرے پیلے رنگ والی موس چین کی بنی ویکسین سائنو فارم اور سبز رنگ کی موس امریکی کمپنی فائزر کی ویکسین کی نمائندگی کر رہی ہے
امریکی کمپنی کی کورونا ویکسین موڈرنا کی نمائندگی کے لیے موس کی جیلی کو نیلا جبکہ روسی ویکسین اسپوتنک فائیو کے لیے اس کا رنگ نارنجی رکھا گیا ہے۔
سُلیان فیملی کی جانب سے کورونا ویکسین کی تھیم پر مبنی اس سوئٹ ڈش کی پیشکش اس وقت سامنے آئی ہے جب ہنگری کے شہریوں کو کورونا ویکسی نیشن کے لیے رجسٹریشن کا کہا جا رہا ہے۔ شہریوں کو کورونا کی وہی ویکسین لگائی جا رہی ہے جو دستیاب ہے تاہم شہریوں کو اپنی مرضی کی کورونا ویکسین لگوانے کا اختیار نہیں۔
سُلیان پیسٹری شاپ پر کرونا ویکسین کی تھیم پر مبنی موس بنانے والے کتالین بینکو کا کہنا ہے کہ یہاں لوگوں کے پاس انتخاب کا حق ہے جب کہ یہاں رجسٹریشن کرانے کی بھی ضرورت نہیں۔ کورونا کی تھیم پر مبنی اس میٹھے کو کھانے کے کوئی مضر اثرات بھی نہیں۔
کتالین بینکو کے مطابق پیسٹریاں بنانے کے پیچھے کرونا ویکسی نیشن کی حمایت یا اس کے خلاف کسی قسم کی مہم چلانا نہیں بلکہ اس کا مقصد یہ ہے کہ ہر کوئی یہاں آ کر یہ موس کھا سکتا ہے۔ موس کا ممکنہ طور پر صرف ایک ہی اثر ہے اور وہ یہ کہ اس سے آپ کے چہرے پر مسکراہٹ آ سکتی ہے۔