لاہور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس نے سابق آئی جی خیبرپختونخوا ناصر درانی کی جان لے لی۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے اموات کا سلسلہ جاری ہے، سابق آئی جی کورونا وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے وہ گزشتہ دس روز سے میو ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
ایم ایس میو ہسپتال ڈاکٹر افتخار کے مطابق سابق آئی جی ناصر درانی کو پھیھڑوں میں انفیکشن اور سانس میں دشواری کا سامنا تھا۔ گزشتہ ایک ہفتہ سے آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ سابق آئی جی ناصر درانی کے انتقال کا سن کر دکھ ہوا، میں مرحوم کی مغفرت کی دعا جبکہ ان کے خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے اپنی تعزیتی ٹویٹ میں لکھا کہ ان کے انتقال سے پاکستان ایک باکمال پولیس افسر سے محروم ہو گیا ہے۔
Saddened to learn of the passing of former IG Police Nasir Durrani. My condolences and prayers go to his family. He was instrumental in reforming KP police when he was the IG. Pakistan has lost an outstanding police officer.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 19, 2021
یہ بھی پڑھیں: شہری ایس او پیز پر عمل نہ کرکے بہت بڑی غلطی کر رہے ہیں، اسد عمر
خیال رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث خیبر پختونخوا کے بعد پنجاب میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 5 ہزار 152 افراد کے کووڈ۔ 19 ٹیسٹ مثبت آئے۔ ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹرز پر کووڈ۔ 19 کے مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے ملتان میں 81 فیصد,لاہور میں 81 فیصد،گوجرانوالہ میں 88 فیصد اور نوشہرہ میں 100 فیصد مریض ہیں۔اسی طرح سے ملک کے چار بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسز کے تناسب کے لحاظ سے پشاور میں 74 فیصد،گجرات میں 71 فیصد،مردان میں 77 فیصد اور گوجرانوالہ میں 85 فیصد مریض ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ۔19 کے 60 ہزار 162 ٹیسٹ کیے گئے ۔
سندھ میں 11 ہزار 349, پنجاب میں 34 ہزار 681, خیبرپختونخوا میں 7 ہزار 506, اسلام آباد میں 4 ہزار 93, بلوچستان میں 1 ہزار 210,گلگت بلتستان میں 373, آزاد کشمیر 950 ٹیسٹ شامل ہیں۔ اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 6 لاکھ 62 ہزار 845 ہو چکی ہے۔ گلگت بلتستان اور بلوچستان میں کووڈ۔19 کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹرز پر نہیں ہے۔
ملک بھر میں کووڈ۔19 کے لیے مختص وینٹیلیٹرز پر 538 مریض ہیں۔ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے ایکٹو کیسز کی تعداد 82 ہزار 276 ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 7 لاکھ 61 ہزار 437 ہے جن میں سے آزاد کشمیر میں 15 ہزار 669, بلوچستان میں 20 ہزار 940, گلگت بلتستان میں 5 ہزار 182، اسلام آباد میں 70 ہزار 79, خیبر پختونخوا میں 1 لاکھ 6 ہزار 500، پنجاب میں 2 لاکھ 70 ہزار 338 اور سندھ میں 2 لاکھ 72 ہزار 729 مریض ہیں۔ ملک بھر میں کووڈ۔19 سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 16 ہزار 316 ہے
جن میں سے سندھ میں 4 ہزار 553 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔ پنجاب میں 7 ہزار 457 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 25 مریض ہسپتالوں میں اور 2 مریض گھروں میں قرنطینہ کے دوران اس وائرس سے جاں بحق ہوئے،خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 899 جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 32 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔
اسلام آباد میں کل 642 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 6 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے،بلوچستان میں 223 اموات، گلگت بلتستان میں 103 اموات، آزاد کشمیر میں اس وائرس سے 439 اموات گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 6 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 کے 1 کروڑ 12 لاکھ 4 ہزار 529 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں ۔ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے علاج کیلئے مختص 630 ہسپتالوں میں 5 ہزار 349 مریض زیر علاج ہیں۔