برطانیہ نے بھارت کو بھی کورونا کی ریڈ لسٹ میں ڈال دیا

Published On 19 April,2021 08:06 pm

لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ نے بھارت کو بھی کورونا وائرس کی ریڈ لسٹ میں ڈال دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیر داخلہ پریتی پٹیل نے کہا ہے کہ بھارت کا کوئی شہری برطانیہ نہیں جا سکے گا، بھارت سے صرف برطانوی اور آئرش شہریوں کو برطانیہ جانے کی اجازت ہوگی، بھارت سے برطانیہ جانے والے دس دن قرنطینہ میں رہیں گے۔

اس سے قبل برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کورونا کے سبب بھارت کا دورہ منسوخ کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بھارت کا دورہ منسوخ کردیا

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بھارت میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر اپنا دورہ منسوخ کردیا۔

 برطانوی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انہیں آئندہ ہفتے بھارت کا دورہ کرنا تھا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بورس جانسن نے اس سے قبل جنوری میں بھی اپنا دورہ ملتوی کیا تھا جس وقت برطانیہ میں کورونا وائرس کی صورتحال تشویشناک تھی۔

بورس جانسن کے دفتر سے جاری برطانیہ اور بھارت کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کی روشنی میں وزیراعظم بورس جانسن آئندہ ہفتے بھارت کا دورہ نہیں کرسکیں گے۔

بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ دورے کے بجائے وزیراعظم نریندرا مودی اور بورس جانسن رواں ماہ کے دوران بعد میں بات کریں گے اور برطانیہ اور بھارت کے درمیان مستقبل کے اشتراک کے منصوبے جاری کریں گے۔

دوسری طرف بھارت میں کورونا وائرس کے باعث خوفناک حد تک اضافہ ہونے لگا، حالات بے قابو ہونے لگے، ہسپتالوں میں آکسیجن کی شدید قلت پڑ گئی۔ نئی دہلی میں ایک ہفتے کا مکمل سخت لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔ ایک روز میں ریکارڈ 2 لاکھ 75 ہزار سے زائد مریض سامنے آ گئے جبکہ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کی وبا کی دوسری لہر کے دوران صورتحال سنگین تر ہو جانے کے باعث حکومت نے پیر کی رات سے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک ہفتے کے بہت سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔

دہلی میں انفکشن کی شرح بڑھ کر تقریبا 30 فیصد ہو چکی ہے جس کی وجہ سے دہلی کے ہسپتالوں میں بیڈ اور آئی سی یو کی بہت بڑی قلت پیدا ہو گئی ہے۔

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے شہر میں مکمل لاک ڈاون لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈاون کے دوران بغیر کسی کام کے باہر نکلنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ دہلی کے ہسپتالوں میں صرف 100 کے قریب بستر باقی ہیں۔

نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کا کہنا ہے کہ بھارتی نظام صحت لمحہ بہ لمہ نازک شکل اختیار کرتا جا رہا ہے اور اگر لاک ڈاؤن نافذ نہ کیا جاتا تو ملک ایک بڑی تباہی کی جانب گامزن ہوتا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملک کی کئی یونین ریاستوں میں آکسیجن کی شدید قلت ہے اور ملکی نظام صحت بھی زبردست دباؤ کا شکار ہے۔ ویکسین بنوا کر دنیا کو بھجوانے والے میں ویکسین کی قلت ہو گئی ہے۔ مہاراشٹر وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ بھارتی ریاست ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت اس وقت دنیا کے سب سے زیادہ متاثر ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ جس کے باعث 88 سالہ ساقب وزیراعظم کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔