سپر ہیرو نے عمارت کی 12 ویں منزل سے گرنے والی ننھی بچی کو بچا لیا

Published On 02 March,2021 05:43 pm

ہنوئی: (ویب ڈیسک) ویتنام میں ایک سپر ہیرو نے عمارت کی 12 ویں منزل سے گرنے والی ننھی بچی کو بچا لیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد ہر کوئی شہری کو خراج تحسین پیش کر رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ ویت نام کے دارالحکومت ہنوئی میں 28 فروری کو پیش آیا۔ 31 سالہ ڈیلیوری ڈرائیور نگون نوک مان شام 5 بجے سامان پہنچانے کے لیے ایک جگہ انتظار کررہا تھا، جب اس نے بچی کے رونے کی آواز سنی۔

ڈرائیور نے مقامی میڈیا کو کہا کہ اسی وقت ایک خاتون چیخنے لگی اور اس نے اپنا سر کھڑکی سے باہر نکالا تاکہ جان سکے کہ آخر معاملہ کیا ہے۔ پہلے تو مجھے لگا کہ بچی غصے میں ہے، مگر پھر احساس ہوا کہ معاملہ کچھ اور ہے، وہ بچی اس وقت زمین سے لگ بھگ 50 میٹر اوپر تھی۔

اس کا کہنا تھا کہ میں نے بچی کو بالکونی پر چڑھتے ہوئے دیکھا۔

یہ بھی پڑھیں: مرغے کے پنجوں پر بلیڈ باندھ کر لڑائی ،مالک جان سے گیا

یہ منظر دیکھ کر ڈرائیور اپنی گاڑی سے باہر نکلا اور فوری طور پر اس عمارت کے احاطے میں بنے شیڈ پر چڑھنے لگا تاکہ بچی کے گرنے پر اس کے قریب موجود ہو۔

نگون نوک مان نے کہا کہ میں 2 میٹر بلندی پر موجود شیڈ پر چڑھ گیا تاکہ ریسکیو ٹیم کے آنے سے پہلے گرنے پر بچی کو پکڑنے کے لیے مناسب پوزیشن ڈھونڈ سکوں۔

جس چھت پر یہ ڈرائیور کھڑا تھا وہاں بچی کے نیچے گرنے کے دوران وہ پھسل گیا، اور بچی سیدھی شیڈ پر آکر گری۔ میں نے بچی کو کیچ کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔

اس واقعے کی ویڈیو بھی ایک قریبی اپارٹمنٹ بلڈنگ سے بنائی گئی، جس میں دکھایا گیا کہ بچی بالکونی سے کیسے نیچے گری۔

یہ بھی پڑھیں: مچھروں کے طوفان کی ویڈیو وائرل

نگون نوک مان نے کہا کہ خوش قسمتی سے وہ بچی میری گود میں گری، اس وقت میں نے اس کے منہ سے خون نکلتے دیکھا تو میں بہت خوفزدہ ہوگیا۔

بچی کو ہسپتال لے جایا گیا اور ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کے کولہے کی ہڈی اپنی جگہ سے ہٹ گئی تھی مگر کوئی اور انجری نہیں ہوئی، اب بچی کے پلاستر چڑھا دیا گیا ہے اور اس کی حالت پر نظر رکھی جارہی ہے۔